تجاوزات کے خلاف کارروائی 05-09-2026
تجاوزات کے خلاف کارروائی 05-09-2026

*کوئٹہ: تجاوزات کے خلاف کارروائی، چار ہوٹل مالکان کو جیل بھجوا دیا گیا*
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز احمد بگٹی کے کوئٹہ شہر سے تجاوزات کے خاتمے، شہر کو صاف، ستھرا، منظم بنانے کے وژن کے تحت شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری ہیں۔
ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ بشیر احمد بڑیچ کی ہدایات پر میونسپل مجسٹریٹ عمران زیب کاسی نے آج فاطمہ جناح روڈ کا دورہ کیا، جہاں مختلف ہوٹل مالکان کی جانب سے سڑک اور فٹ پاتھ پر میزیں اور کرسیاں رکھ کر تجاوزات قائم کی ہوئی تھیں، جس سے پیدل چلنے والے شہریوں اور ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی تھی۔
متعلقہ ہوٹل مالکان کو اس سے قبل متعدد مرتبہ واضح ہدایات جاری کی جا چکی تھیں کہ سڑک، فٹ پاتھ یا عوامی گزرگاہ پر میزیں، کرسیاں یا دیگر سامان رکھ کر تجاوزات قائم نہ کی جائیں اور ٹریفک کی روانی میں خلل پیدا نہ کیا جائے۔ تاہم بار بار ہدایات کے باوجود خلاف ورزی جاری رہنے پر آج میونسپل مجسٹریٹ عمران زیب کاسی نے کارروائی کرتے ہوئے چار ہوٹل مالکان کو گرفتار کرکے جیل بھجوا دیا۔
تجاوزات کے خاتمے کی مہم کا مقصد کسی کاروباری سرگرمی کو متاثر کرنا نہیں بلکہ شہر میں ٹریفک کی روانی، پیدل چلنے والوں کے حقِ گزر اور شہری نظم و ضبط کو یقینی بنانا ہے۔
میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ نے شہریوں اور تاجر برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے تجاوزات قائم کرنے سے گریز کریں اور صاف، محفوظ، منظم اور خوبصورت کوئٹہ کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں۔