وزیراعظم شہباز شریف 04-11-2026
وزیراعظم شہباز شریف 04-11-2026
بلوچستان کے نوجوانوں کو 10 ہزار نہیں، 25 سے 30 ہزار ملازمتیں دی جائیں وزیراعظم بلوچستان کے لیے خصوصی روزگار پیکج کا بھی جلد اعلان کریں جمال شاہ کاکڑ
کوئٹہ مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے بلوچستان کے لیے 10 ہزار ملازمتیں مختص کرنے کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ صوبے کے نوجوانوں کے بہتر مستقبل اور بڑھتی ہوئی بے روزگاری کے پیش نظر ان ملازمتوں کی تعداد بڑھا کر 25 سے 30 ہزار تک کی جائے، تاکہ بلوچستان کے زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو باعزت روزگار کے مواقع میسر آسکیں اور صوبے میں پائے جانے والے احساسِ محرومی کے خاتمے میں مدد مل سکے
جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں، تاہم روزگار اور فنی تربیت کے محدود مواقع ان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوانوں کو محض ملازمتوں کے اعلانات تک محدود رکھنے کے بجائے عملی طور پر روزگار کی فراہمی یقینی بنائی جائےانہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے خصوصی روزگار پیکج کا اعلان بھی جلد کریں گے، جس سے صوبے میں بے روزگاری کے مسئلے پر قابو پانے میں مدد ملے گی
انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (NAVTTC) کے ذریعے بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے خصوصی اور بڑے پیمانے پر فنی و پیشہ ورانہ تربیتی پروگرام شروع کیا جائے، جس کے تحت انہیں جدید عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ ہنر اور تکنیکی مہارتیں فراہم کی جائیں۔ اس پروگرام کو بیرونِ ملک روزگار کے مواقع سے منسلک کرتے ہوئے نوجوانوں کو بین الاقوامی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تربیت، رہنمائی اور ملازمتوں کے حصول میں عملی معاونت فراہم کی جائے
جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو تعلیم فنی تربیت اور روزگار کے مساوی مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے ملازمتوں میں اضافے، خصوصی روزگار پیکج اور بیرونِ ملک روزگار کے لیے تربیتی پروگرام جیسے اقدامات صوبے کے نوجوانوں کے مستقبل کو بہتر بنانے اور احساسِ محرومی کے خاتمے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں