18-08-26 کمشنر سیوی اسد آللہ فیض
18-08-26 کمشنر سیوی اسد آللہ فیض
خبرنامہ نمبر
سیوی 18 اگست 2026
کمشنر سیوی ڈویژن اسد اللہ فیض کی جانب سے خواتین کو جدید تعلیم، فنی تربیت اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے شروع کیے گئے بااختیار وومن سینٹر انیشیٹو کے تحت ڈویژنل پبلک اسکول سیوی میں قائم بااختیار وومن سینٹر میں مزید سہولیات کی فراہمی اور تربیتی پروگرامز کے لیے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ کمشنر سیوی ڈویژن اسد اللہ فیض کی ذاتی دلچسپی اور اپنی مدد آپ کے تحت قائم کیے گئے اس مرکز میں خواتین کے لیے جدید کمپیوٹر لیب کا قیام عمل میں لایا گیا، جہاں تقریباً 15 کمپیوٹرز، لیپ ٹاپس، ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز، فرنیچر اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی گئیں۔ مرکز میں خدمات انجام دینے والے انسٹرکٹرز کو بھی باقاعدہ تربیت فراہم کی گئی، جس کے بعد خواتین کو مختلف شعبوں میں مفت تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ یومِ آزادی کے موقع پر بااختیار وومن سینٹر کے منصوبے کو مزید وسعت دینے کے لیے کمشنر سیوی اسداللہ فیض اور YMSESDO Pakistan کے چئیرمین محمد منیر ابڑو نے ایک سالہ مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے ۔ معاہدے کے تحت ادارے کی جانب سے بااختیار وومن ڈولپمنٹ سینٹر میں مزید جدید کمپیوٹرز اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی، جبکہ خواتین کے لیے مختلف شعبوں میں لرننگ اور اسکل ڈویلپمنٹ کے کورسز بھی شروع کیے جائیں گے۔ معاہدے کے تحت خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانے کے لیے بلا سود قرضوں کی فراہمی کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے، تاکہ تربیت حاصل کرنے والی خواتین اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے باعزت روزگار اور کاروبار کے مواقع حاصل کرسکیں۔ کمشنر سیوی ڈویژن اسد اللہ فیض نے اس موقع پر کہا کہ خواتین کو جدید تعلیم، ہنر اور معاشی مواقع فراہم کرنا معاشرے کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ بااختیار وومن ڈولپمنٹ سینٹر کا مقصد خواتین کو مفت تربیت اور جدید سہولیات فراہم کرکے انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کے قابل بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نجی اداروں اور فلاحی تنظیموں کے تعاون سے اس اقدام کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ سیوی ڈویژن کی خواتین کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہنر سیکھنے اور باعزت روزگار حاصل کرنے کے زیادہ سے زیادہ مواقع میسر آسکیں۔