بی ٹیوٹا بلوچستان 24-09-2026
بی ٹیوٹا بلوچستان 24-09-2026

بی ٹیوٹا اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک کا مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق ہنر مند افرادی قوت تیار کرنے کا عزم؛ کوئٹہ چیمبر آف کامرس میں اہم مشاورتی اجلاس کا انعقاد
کوئٹہ: بلوچستان ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (بی ٹیوٹا) اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک (ADB) کے مشترکہ اہتمام سے کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ایک اہم کنسلٹیٹیو مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس کا بنیادی مقصد صوبے میں انڈسٹری کی ضروریات کے مطابق فنی و تکنیکی تربیت کے پروگرامز کی تشکیل اور مقامی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا تھا۔
اجلاس میں تاجر برادری، زمینداروں، ہوٹل مالکان، مائننگ، سیاحت، تعمیرات، لائیو اسٹاک اور شاپنگ مالز سمیت مختلف اہم شعبوں سے تعلق رکھنے والے صنعتکاروں اور نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر حاجی محمد ایوب مریانی، نائب صدر انجینئر میر وائس خان کاکڑ، اور دیگر عہدیداران نے وفد کا پر جوش استقبال کیا ،
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈی بی ٹیوٹا عبدالکبیر خان زرکون نے کہا کہ اس نشست کا بنیادی مقصد بلوچستان میں بی ٹیوٹا اور مقامی انڈسٹری کے درمیان مضبوط رابطہ اور مفاہمت پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بی ٹیوٹا انڈسٹری کی ترجیحات اور ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسے فنی و تکنیکی کورسز مرتب کرنا چاہتا ہے جنہیں مکمل کرنے کے فوراً بعد تربیت یافتہ نوجوانوں کو مارکیٹ میں روزگار مل سکے۔
ایوانِ صنعت و تجارت کوئٹہ کے صدر اور عہدیداران نے ایم ڈی بی ٹیوٹا اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے نمائندوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس پہل کو انتہائی خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلی بار ہوا ہے کہ بی ٹیوٹا جیسے اہم ادارے نے چیمبر آف کامرس کے ساتھ بیٹھ کر صنعتی ضرورت کے مطابق کورسز مرتب کرنے کی سوچ اپنائی ہے۔
مشاورتی سیشن کے دوران تاجر برادری اور کاروباری شخصیات نے بی ٹیوٹا اور اے ڈی بی کے نمائندوں کے سامنے اپنے مسائل اور تجاویز پیش کیں۔ تاجروں کا کہنا تھا کہ مقامی سطح پر تربیت یافتہ افرادی قوت کی عدم دستیابی کے باعث انہیں اکثر دیگر صوبوں سے ہنر مند افراد بلانے پڑتے ہیں، جس سے ان پر بھاری مالی بوجھ پڑتا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق صرف کوئٹہ کے ہوٹل اور ریستورانٹ سیکٹر میں اس وقت 6,000 سے زائد ہنر مند افراد کی ضرورت ہے۔ اگر مقامی نوجوانوں کو یہ تربیت یہیں فراہم کر دی جائے تو اس سے صوبے میں بے روزگاری کے خاتمے میں بڑی پیش رفت ہوگی۔
ایشین ڈویلپمنٹ بینک (ADB) کے نمائندوں نے اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ بلوچستان میں بی ٹیوٹا کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں تاکہ یہاں کے نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں معیاری فنی تربیت دی جا سکے، ان کی معاشی حالت بہتر ہو اور بے روزگاری میں نمایاں کمی لائی جا سکے۔
کوئٹہ چیمبر آف کامرس کے صدر، عہدیداران اور تاجر برادری نے بی ٹیوٹا اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی اس مشترکہ کاوش کی مکمل حمایت کرتے ہوئے انڈسٹری اور ادارے کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے اور ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کا یقین دلایا۔