ڈپٹی کمشنر تربت 22-09-2026
ڈپٹی کمشنر تربت 22-09-2026

تربت: ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی کی زیرِ صدارت ڈپٹی کمشنر آفس تربت میں ضلع کیچ کے اسٹیٹ ایجنسی مالکان کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں جاری ہاؤسنگ اسکیموں کی صورتحال اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی بنیادی سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں اسٹیٹ ایجنسی مالکان نے بتایا کہ ضلع کیچ میں اس وقت 32 اسٹیٹ ایجنسیاں کام کر رہی ہیں جبکہ 150 سے زائد ہاؤسنگ اسکیمیں جاری ہیں۔ اس موقع پر ہاؤسنگ اسکیموں سے متعلق مختلف امور اور درپیش مسائل سے بھی ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر کیچ نے ہدایت کی کہ ہاؤسنگ اسکیموں کے قیام سے قبل تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں اور متعلقہ اداروں سے ضروری این او سی حاصل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو فراہم کی جانے والی بنیادی سہولیات کو باقاعدہ معاہدوں کا حصہ بنایا جائے تاکہ خریداروں کے حقوق کا تحفظ یقینی ہو۔
انہوں نے ہاؤسنگ اسکیموں میں سڑکوں اور راستوں کی مناسب منصوبہ بندی، سیوریج اور نکاسی آب کے نظام کے لیے پیشگی جگہ مختص کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پانی کی فراہمی کے لیے بھی جامع منصوبہ بندی کی جائے اور ایک ہی علاقے میں ضرورت سے زیادہ بور کرنے سے گریز کیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے ہاؤسنگ اسکیموں میں اسکول، مسجد، قبرستان اور پارک سمیت دیگر عوامی ضروریات کے لیے مناسب جگہ پہلے سے مختص کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام ضروری سہولیات، راستوں اور عوامی مقامات کو منصوبہ بندی اور معاہدوں میں واضح طور پر شامل کیا جائے تاکہ مستقبل میں شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
یاسر اقبال دشتی نے ہاؤسنگ اسکیموں میں شجرکاری کے فوری آغاز کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نئی آبادیوں میں درختوں کے لیے مناسب جگہ مختص کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہاؤسنگ اسکیموں کا مقصد صرف پلاٹوں کی خرید و فروخت نہیں بلکہ شہریوں کو صاف ستھرا، محفوظ اور بنیادی سہولیات سے آراستہ رہائشی ماحول فراہم کرنا بھی ہے، اس لیے منصوبہ بندی میں موجودہ اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھا جائے۔