وفاقی حکومت بلوچستان کوٹہ 19-11-2026 وفاقی حکومت بلوچستان کوٹہ 19-11-2026 On Nov 19, 2026 Share کوئٹہ۔ وفاقی حکومت نے بلوچستان کے کوٹے کے تحت 31 وزارتوں اور ڈویژنوں میں موجود 5,387 خالی آسامیاں پُر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اہم اقدام سے صوبے کے ہزاروں تعلیم یافتہ نوجوانوں کو سرکاری ملازمت کے مواقع فراہم ہوں گے، جبکہ بے روزگاری میں نمایاں کمی اور بلوچستان میں احساس محرومی کے خاتمے میں خاطر خواہ مدد ملے گی ۔ لائیولی ہڈ ڈیویلپمنٹ پلان کے تحت وفاقی محکموں میں بلوچستان کے کوٹے کی 5387 خالی آسامیوں پر بھرتیوں کے لیے انتظامات اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داریوں کا خاکہ پیش کر دیا گیا۔ منصوبے کے تحت صوبے کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور مختص آسامیوں پر بھرتی کے عمل کو مؤثر بنانے پر توجہ دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں منعقدہ اجلاس میں مختلف وزارتوں اور ڈویژنوں کے افسران نے شرکت کی۔ شرکاء کو بھرتیوں کے طریقۂ کار اور متعلقہ محکموں و ضلعی رابطہ کمیٹیوں کے کردار سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں پیش کردہ بریفنگ کے مطابق بھرتیوں کے لیے جامع منصوبہ تیار کرنے، اس کی تفصیلات متعلقہ وزارتوں اور اضلاع تک پہنچانے اور امیدواروں کو مساوی نمائندگی کے مواقع فراہم کرنے پر زور دیا گیا۔ اس سلسلے میں مخصوص آسامیوں کے لیے ٹیسٹ 20 نومبر سے 8 دسمبر تک منعقد کیے جائیں گے۔ امیدواروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنی تعلیمی اسناد، قومی شناختی کارڈ، ڈومیسائل اور دیگر مطلوبہ دستاویزات مکمل رکھیں تاکہ بھرتی کے عمل میں کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے۔ بلوچستان کوٹے کے تحت آسامیوں کے اشتہارات سرکاری پلیٹ فارمز پر جاری کیے جا چکے ہیں۔ اجلاس میں شریک آفیسران کا کہنا ہے کہ لائیولی ہڈ ڈیولپمنٹ پلان کا مقصد صرف ملازمتوں کی فراہمی نہیں بلکہ بلوچستان کے نوجوانوں کو مستقل روزگار، ہنر اور معاشی خود انحصار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ اس منصوبے کے ذریعے بے روزگاری میں کمی، نوجوانوں کی صلاحیتوں کا بہتر استعمال اور صوبے کے پسماندہ علاقوں کو ترقی کی اصل دھارے میں لانے کی کوشش کی جائے گی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بلوچستان کوٹے کے تحت بڑی تعداد میں بھرتیوں سے صوبے کے نوجوانوں کو باوقار روزگار ملے گا، جس سے معاشی و سماجی مشکلات میں کمی آئے گی۔ وفاقی حکومت کا یہ فیصلہ بلوچستان کے اہل امیدواروں کے لیے سرکاری ملازمتوں تک رسائی بڑھانے اور صوبے کے لیے مختص کوٹے پر مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے۔ بلوچستان کے مختلف اضلاع کے نوجوان اس فیصلے کو خوش آئند قرار دے رہے ہیں اور امید کی جارہی ہے کہ بھرتی کا عمل صاف شفاف، تیز اور مکمل طور پر میرٹ پر ہوگا۔ متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ دور دراز اضلاع کے امیدواروں کو ٹیسٹ اور انٹرویوز میں برابری کا موقع ملے گا تاکہ احساس محرومی کا مؤثر خاتمہ ہو سکے۔ اس سے بلوچستان کے ہزاروں گھرانوں کی معاشی حالت بہتر ہوگی اور صوبے کے نوجوانوں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔ وفاقی محکموں کو منتخب امیدواروں کی مکمل فہرستیں تیار کرنے اور حتمی ریکارڈ متعلقہ رابطہ کمیٹیوں کے حوالے کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے، تاکہ بھرتی کے مراحل کو منظم انداز میں مکمل کیا جا سکے. Share