تربت عطا شاد ڈگری کالج 10-11-2026
تربت عطا شاد ڈگری کالج 10-11-2026
تربت: 10 نومبر 2026: عالمی یومِ سائنس کے موقع پر گورنمنٹ عطا شاد ڈگری کالج تربت کے لائبریری میں سائنس نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ نے اپنی سائنسی صلاحیتوں، تخلیقی سوچ، فنی مہارتوں اور جدید سائنسی تصورات پر مبنی مختلف منصوبے پیش کیے۔
نمائش میں طلبہ کی جانب سے تیار کردہ مجموعی طور پر 17 سائنسی منصوبے پیش کیے گئے، جن میں کوانٹم گریویٹی، سائبر شیلڈ، فائر ڈیٹیکشن سسٹم، خودکشی کی روک تھام کے لیے خصوصی سیلنگ فین، ڈیجیٹل حاضری کا نظام، خودکار آبپاشی کا نظام اور فارنزک سائنس سمیت دیگر سائنسی ماڈلز شامل تھے۔ ان منصوبوں کے ذریعے طلبہ نے سائنسی اصولوں کو عملی شکل دینے اور جدید مسائل کے تخلیقی حل پیش کرنے کی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
نمائش کا باقاعدہ افتتاح گورنمنٹ عطا شاد ڈگری کالج تربت کے پرنسپل پروفیسر ظہیر احمد بلوچ نے فیتہ کاٹ کر کیا۔ اس موقع پر کالج کے اساتذہ اور پروفیسرز بھی موجود تھے۔ افتتاح کے بعد پرنسپل نے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا، طلبہ کے تیار کردہ سائنسی منصوبوں کا معائنہ کیا اور ان سے منصوبوں کے طریقۂ کار اور افادیت کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے طلبہ کی محنت، تخلیقی صلاحیتوں اور سائنسی علوم میں دلچسپی کو سراہا۔
نمائش میں پیش کیے گئے منصوبوں کا جائزہ لینے اور ان کی جانچ کے لیے ممتاز ماہرینِ تعلیم پر مشتمل ایک پینل تشکیل دیا گیا تھا، جس میں پروفیسر ڈاکٹر حنیف الرحمٰن، ڈین فیکلٹی آف نیچرل سائنسز، یونیورسٹی آف تربت، پروفیسر ڈاکٹر عبدالقدوس، سربراہ شعبۂ تعلیم، بیوٹمز خضدار سب کیمپس تربت، اور پروفیسر ڈاکٹر ارشاد میار، سربراہ شعبۂ نیچرل اینڈ بیسک سائنسز، یونیورسٹی آف تربت شامل تھے۔ معزز ججز نے سائنسی تصورات، جدت، انفرادیت، فنی کارکردگی، عملی افادیت اور منصوبوں کی پیشکش کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا اور طلبہ کو مفید علمی رہنمائی بھی فراہم کی۔
سائنس نمائش میں مختلف تعلیمی اداروں کے سربراہان، اساتذہ، سائنس ٹیچرز، طلبہ اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر گورنمنٹ بوائز انٹر کالج تمپ کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر واحد بخش، شہید ایوب بلیدی ڈگری کالج بلیدہ کے پرنسپل پروفیسر الٰہی بخش اور گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی اسکول تربت کے پرنسپل اکبر علی نے بھی نمائش کا دورہ کیا اور طلبہ کی کاوشوں کو سراہا۔
نمائش میں گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی اسکول تربت، گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول جوسک، گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول کاؤدہ یوسف محلہ آپسر، برائٹ فیوچر ہائی اسکول تربت اور لا کالج کے طلبہ و نمائندگان نے بھی شرکت کی۔ اس علمی سرگرمی نے مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ اور اساتذہ کو ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے اور سائنسی علوم کے تبادلے کا موقع فراہم کیا۔
اس موقع پر اس امر کو اجاگر کیا گیا کہ سائنسی نمائشیں طلبہ میں تحقیق، تخلیقی سوچ، عملی تجربات اور مسائل کے سائنسی حل تلاش کرنے کا جذبہ پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ ایسی سرگرمیاں نوجوان نسل کو جدید سائنسی رجحانات سے روشناس کرانے کے ساتھ ساتھ ان کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا مؤثر ذریعہ بھی ہیں۔
گورنمنٹ عطا شاد ڈگری کالج تربت کی جانب سے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ طلبہ میں سائنسی شعور، تحقیق و تخلیق اور عملی تعلیم کے فروغ کے لیے اس نوعیت کی علمی و تعلیمی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔