Daily ruzn1.9
daily ruzn newspaper breaking news urdu news. Updates

پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی 10-11-2026

پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی 10-11-2026

تاریخ : 2026-11-10
کوئٹہ (پ ر): پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی خوشحال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ آج تاریخ نے ہمارے نوجوانوں پر بھاری ذمہ داریاں عائد کر دی ہیں۔ نوجوانوں، بالخصوص پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے کارکنوں کو اپنے نظریات، سیاسی فکر اور جدوجہد کو نئے انداز اور جدید تقاضوں کے مطابق آگے بڑھانا ہوگا۔ نوجوان کسی بھی قوم کا قیمتی سرمایہ اور روشن مستقبل کے ضامن ہوتے ہیں، لہٰذا انہیں قومی حقوق، جمہوریت، ترقی پسند سیاست اور علم و شعور کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ضلع کوئٹہ کی تاریخی کانفرنس کے کھلے اجلاس سے بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس سے قبل پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ضلع کوئٹہ کی کانفرنس کا بند اجلاس صوبائی سیکریٹری وارث افغان کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں تنظیم کی گزشتہ کارکردگی پر مشتمل رپورٹ صوبائی سیکریٹری اطلاعات وحدت افغان نے پیش کی، جس کا تفصیلی تنظیمی جائزہ لینے کے بعد اسے منظور کیا گیا۔ کانفرنس کے دوران نظارت کے فرائض پشتونخوا ایس او کے زونل معاون سیکریٹری ایمل ساروان اور نور آغا درانی نے انجام دیے، جبکہ تلاوتِ کلامِ پاک کی سعادت سید سعد آغا نے حاصل کی۔کانفرنس میں پشتونخوانیپ کے صوبائی سیکریٹری اول فقیر خوشحال کاسی، صوبائی ایگزیکٹیو ، پشتونخوا ایس او کے صوبائی ایگزیکٹیوز کے ممبران اور مرکزی کمیٹی کے اراکین سمیت ہزاروں مندوبین نے شرکت کی۔کانفرنس میں پشتونخوا ایس او کی طالبات کے لیے الگ ضلعی ایگزیکٹیو اور کمیٹی کا انتخاب عمل میں لایا گیا، جس کے تحت لاریب زلاند سیکریٹری، بی بی نصیبہ کاکڑ سینئر معاون سیکریٹری اور سپوژمئ خواری کش اطلاعات سیکریٹری منتخب ہوئیں، جبکہ اولس مینہ، مدیحہ ترین، اریانا افغان، مبارزہ کاسی، مسکاء افغان اور بی بی رونا معاونین منتخب ہوئیں۔ نومنتخب طالبات ایگزیکٹیو سے پارٹی کی مرکزی سیکریٹری محترمہ صاحبہ بڑیچ نے حلف لیا۔اسی طرح طلبہ کے ضلعی ایگزیکٹیو اور کمیٹی کا انتخاب بھی عمل میں لایا گیا، جس کے تحت زوہیب خان کبزئی سیکریٹری اور امین ننگیال سینئر معاون سیکریٹری منتخب ہوئے، جبکہ اباسین خان اچکزئی، بختیار خان، جمشید خان، فردین کبزئی، خیراللہ لونی، ڈاکٹر سمیع اللہ، فلک نور سلیمان خیل، عرفات خان، ہمایوں خان مندوخیل، شہاب الدین، عظمت شیرانی، نذیر خان، مبارز خان بڑیچ، رافع خان اور حفیظ خان معاونین منتخب ہوئے۔ نومنتخب طلبہ ایگزیکٹیو سے پارٹی کے چیئرمین خوشحال خان کاکڑ نے حلف لیا۔کانفرنس کے بند اور کھلے اجلاس سے پارٹی کے چیئرمین خوشحال خان کاکڑ، سینئر ڈپٹی چیئرمین رضا محمد رضا، مرکزی سینئر سیکریٹری سید قادر آغا، مرکزی سیکریٹری اطلاعات محمد عیسیٰ روشان، صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے، مرکزی سیکریٹری اللہ نور خان چیئرمین، پشتونخوا ایس او کے صوبائی سیکریٹری وارث افغان اور نومنتخب ضلعی سیکریٹریز لاریب زلاند اور زوہیب خان کبزئی نے خطاب کیا، جبکہ شعراء نے اپنا کلام پیش کیا۔مقررین نے پشتونخوا ایس او ضلع کوئٹہ کے کامیاب اور تاریخی کانفرنس کے انعقاد پر تنظیم کے کارکنوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہزاروں طلبہ و طالبات کی شرکت نے اس کانفرنس کو تاریخی اہمیت عطا کی ہے۔ یہ امر انتہائی خوش آئند ہے کہ پشتونخوا ایس او نے اپنی تنظیمی تاریخ میں ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے طالبات اور طلبہ کے لیے الگ الگ ایگزیکٹیو منتخب کیے ہیں، جس سے طالبات کی سیاسی، تنظیمی اور قومی سرگرمیوں میں شرکت کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ مقررین نے کہا کہ پشتونخوا ایس او کی یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ پشتونخوا وطن کے نوجوان اپنی قومی، سیاسی اور تنظیمی ذمہ داریوں کا احساس رکھتے ہیں اور ایک روشن، باشعور، ترقی پسند اور باوقار مستقبل کی تعمیر کے لیے منظم جدوجہد جاری رکھنے کا عزم رکھتے ہیں۔پشتونخوانیپ کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی خوشحال خان کاکڑ نے اپنے خطاب میں کامیاب کانفرنس پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پشتونخواایس او نے طلباء کے ساتھ طالبات کیلئے علیحدہ ضلعی کابینہ کا انتخاب کرکے تاریخ کا ایک اہم مرحلہ عبور کرتے ہوئے تاریخ ساز قدم اُٹھایا ہیں اور ہمارے آنے والے جدوجہد کی تاریخ میں یہ دن یاد رکھا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخواایس او کی شاندار تاریخ اور ماضی ہے جس نے طویل اور قربانیوں سے لبریز جدوجہد کے دوران پشتون قومی سیاسی تحریک میں تاریخی کردار ادا کیا ہے اور پشتونخواوطن کو وطن دوست، نڈر اور باجرات سیاسی رہنماؤں کے ساتھ ساتھ ہر شعبہ زندگی میں قابل اور اعلیٰ صلاحیتوں کے حامل افرادی قوت فراہم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان آج جن نامساعد حالات سے گزر رہے ہیں، وہ ناقابلِ بیان ہیں۔ حکومت نوجوانوں کو روزگار، تعلیم اور زندگی کی بنیادی ضروریات فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ بالخصوص تعلیمی اداروں میں جو صورتحال مسلط کی گئی ہے، وہ انتہائی تشویشناک ہے۔ طلبہ تنظیموں اور سیاسی سرگرمیوں پر پابندیاں عائد ہیں اور ملک میں جمہوری حکومت نام کی کوئی چیز موجود نہیں بلکہ ملکی آئین سے انحراف کا عمل مسلسل جاری ہے نہ عدلیہ آزاد ہے، نہ انصاف کی فراہمی یقینی ہے اور نہ ہی میڈیا کو آزادی حاصل ہے۔ ہر شعبے پر قدغنیں لگا کر ملک کو ایک ایسے فوجی آمریت پر مبنی ہائبرڈ نظام میں تبدیل کر دیا گیا ہے، جس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ طلبہ کے لیے مختص بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ (BEEF) کی اسکالرشپس کو یک جنبشِ قلم ختم کر دیا گیا ہے، جبکہ اس کے سیڈ منی کے 22 ارب روپے کے حوالے سے بھی سنگین خدشات پائے جاتے ہیں کہ انہیں کرپشن اور کمیشن کی نذر کیا جائے گا۔ ماضی میں طلبہ کو فراہم کی جانے والی دیگر اسکالرشپس بھی مکمل طور پر ختم کر دی گئی ہیں۔ یونیورسٹیوں کی صورتحال بھی انتہائی ابتر ہے۔ بلوچستان رائزنگ اسکالرشپ کے 17 ارب روپے میں پشتون اضلاع میں سے کسی ایک ضلع کو بھی شامل نہیں کیا گیا، اسی طرح گوادر اور کوسٹل ہائی وے کے نام پر سکالرشپ فنڈ میں جنوبی پشتونخوا کے طلباء و طالبات کیلئے کوئی حصہ نہیں جو پشتون طلبہ کے ساتھ سراسر ناانصافی اور امتیازی سلوک ہے۔ ان حالات نے نوجوانوں کو ایک نئے جذبے، ولولے اور عزم کے ساتھ قومی و سیاسی جدوجہد میں حصہ لینے کی ضرورت سے دوچار کر دیا ہے۔خوشحال خان کاکڑ نے کہا کہ نوجوانوں کو سیاسی جدوجہد کے ساتھ ساتھ اپنے تعلیمی مستقبل اور کیریئر پر بھی بھرپور توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے ملی شہید کے دور میں دو طلبہ کو مسلسل اپنے مضامین میں ناکامی کی بنیاد پر تنظیم سے فارغ کیا گیا تھا۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ پشتونخوا ایس او ہمیشہ طلبہ کی علم دوستی اورتعلیمی ترقی کو بنیادی اہمیت دیتی رہی ہے۔ ہمارے نوجوانوں کو اپنی تعلیم پر بھرپور توجہ دینے کے ساتھ ساتھ اپنے وطن، قوم اور غیور عوام کے حقوق کے لیے قومی جدوجہد میں بھی اپنا مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا اور پشتونخوا ایس اوکی قیادت نے اپنے کارکنوں کی بہترین تربیت کرتے ہوئے انہیں اپنے علمی، تعلیمی اور سیاسی فرائض سے بہترین آگاہی دینی ہوگی اور انہیں ہر قسم کے انارکی، بدنظمی، عدم برداشت سے دور ہوتے ہوئے زئی و خیلی سے دور رہ کر ایک قوم بنانے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی نے ہمارے وطن، معیشت، روزگار اور زندگی کے تمام شعبوں کو تباہی سے دوچار کر دیا ہے۔ اغوا برائے تاوان، بدامنی اور ہمارے قیمتی معدنی وسائل پر قبضے نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے جبکہ نام نہاد 28 ویں ترمیم کے نام پر نئی سازش کی جارہی ہے اور ہزارہ کے نام پر صوبے کا شوشہ چھوڑ کر پشتونخوا وطن کے 7 ضلعوں اور اُن میں پانی کے وسائل اور ڈیموں پر قبضہ کرنے اور آخر کار انہیں اسلام آباد کا حصہ بنانے کی سازش جاری ہے جو ناقابل برداشت اور ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پشتونخوا سمیت تمام پشتون، بلوچ مشترکہ صوبے پر مسلط بدامنی، لاقانونیت، جعلی دہشتگردی، ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، ہرشعبہ زندگی میں عوام کو درپیش اذیت ناک صورتحال بدترین بے روزگاری، غربت، بھوک وافلاس، مہنگائی اور نام نہاد غیر نمائندہ حکومتوں کی بدترین کرپشن اور لوٹ مار، تجارت کی بندش، صوبے کے اہم شاہراہوں پر المناک واقعات نے صوبے کے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے۔لہذا ان تمام مسائل کے خلاف آل پارٹیز کی جانب سے 19 نومبر بروز جمعرات صوبے بھر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال اور تمام اضلاع میں احتجاجی جلسوں کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں پشتونخوانیپ اہم اور فعال کردار ادا کرے گی۔انہوں نے پارٹی کارکنوں اور پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے تمام کارکنوں کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ 19 نومبر کی شٹر ڈاؤن ہڑتال اور احتجاجی جلسوں کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور تیاری کریں اور عملی طور پر اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More