Daily ruzn1.9
daily ruzn newspaper breaking news urdu news. Updates

جرمن اعزازی کونسل کا دورہ بی ٹیوٹا 10-09-2026

جرمن اعزازی کونسل کا دورہ بی ٹیوٹا 10-09-2026

جرمن اعزازی قونصل جنرل میر مراد بلوچ کا بی-ٹیوٹا کے دورہ نوجوانوں کی فنی تربیت اور تعاون پر تبادلہ خیال

کوئٹہ:
بلوچستان میں وفاقی جمہوریہ جرمنی کے اعزازی قونصل جنرل میر مراد بلوچ نے بلوچستان ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (بی-ٹیوٹا) کے ہیڈ آفس کا باضابطہ دورہ کیا، جہاں انہوں نے مینجنگ ڈائریکٹر بی-ٹیوٹا جناب عبدالکبیر زرکون سے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں ٹیکنیکل اور ووکیشنل ایجوکیشن، نوجوانوں کی ترقی اور بین الاقوامی سطح پر ہنر مندی کے فروغ کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مضبوط بنانے کے مختلف راستوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

مذاکرات میں خاص طور پر نوجوانوں کے لیے منظم تبادلہ پروگرامز، صلاحیتوں میں اضافے اور سافٹ سکلز کی تربیت، مشترکہ فنی و پیشہ ورانہ تقاریب، اور بی-ٹیوٹا کے اداروں میں جرمن زبان کے پروگرامز شروع کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ ان اقدامات سے بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے بین الاقوامی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور عالمی تعلیمی و پیشہ ورانہ میدانی تک ان کی رسائی ممکن ہو سکے گی۔

مینجنگ ڈائریکٹر بی-ٹیوٹا جناب عبدالکبیر زرکون نے اعزازی قونصل جنرل کو اتھارٹی کے جاری پروگراموں، تنظیمی دائرہ کار، اور بین الاقوامی معیار کے مطابق بلوچستان میں پیشہ ورانہ تربیت کا معیار مزید بلند کرنے کی کوششوں سے آگاہ کیا۔میر مراد بلوچ نے ماہر افرادی قوت کی تیاری کے سلسلے میں بی-ٹیوٹا کی کاوشوں کو سراہا اور جرمن فنی و پیشہ ورانہ تعلیمی اداروں کے ساتھ باہم مربوط ادارہ جاتی تعلقات قائم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

دونوں فریقین نے مستقبل میں پائیدار تعاون کے لیے ایک منظم فریم ورک تیار کرنے کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا، جس کا بنیادی مقصد بلوچستان کے نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کی فنی، پیشہ ورانہ، لسانی اور سافٹ سکلز سے آراستہ کرنا ہے۔
ملاقات کے اختتام پر بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے بہتر مواقع فراہم کرنے اور جرمنی اور بلوچستان کے درمیان عوام اور اداروں کے سطح پر روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More