بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ 08-10-2026
بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ 08-10-2026
کوئٹہ، 08 اکتوبر:بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق صوبے کے دیہی علاقوں کی خواتین کو کاروباری لحاظ سے بااختیار بنانے کیلئے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے زیر اہتمام دیہی خواتین کی کاروباری تربیت اور آگاہی کیلئے15 اکتوبر کو ایک خصوصی تقریب منعقد کی جائے گی، جس میں بلوچستان بھر کے دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کو مدعو کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تقریب کی تیاریوں سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سی ای او عبدالمنان،سوشل انوویشن اکیڈمی کی نمائندہ روزینہ کاکڑ اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی دیہی خواتین میں کاروباری صلاحیتوں کو اجاگر کرنے، انہیں جدید کاروباری طریقوں سے روشناس کرانے اور اپنے وسائل کو آمدن کے مؤثر ذرائع میں تبدیل کرنے کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین صوبے کی معیشت میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں، بالخصوص دیہی علاقوں میں خواتین دستکاری، زراعت، لائیو اسٹاک، فوڈ پروسیسنگ، گھریلو صنعت، سیاحت اور دیگر شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر نہ صرف اپنے خاندانوں کی معاشی حالت بہتر بنا سکتی ہیں بلکہ مقامی معیشت کے فروغ میں بھی نمایاں کردار ادا کر سکتی ہیں۔بلال خان کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ خواتین کو کاروباری مواقع، سرمایہ کاری کے امکانات، مارکیٹ تک رسائی اور کاروبار کے فروغ سے متعلق ضروری معلومات فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات کر رہا ہے۔ مجوزہ تقریب کا مقصد دیہی خواتین کو ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے جہاں وہ ماہرین سے رہنمائی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے کاروباری آئیڈیاز اور مسائل بھی پیش کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں موجود باصلاحیت خواتین کو معاشی سرگرمیوں کا حصہ بنانا صوبے کی مجموعی ترقی اور خوشحالی کیلئے ناگزیر ہے۔ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ خواتین کی کاروباری استعداد بڑھانے اور انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانے کے عمل میں اپنا کردار جاری رکھے گا۔