Daily ruzn1.9
daily ruzn newspaper breaking news urdu news. Updates

بلوچستان اسکالرشپ محکمہ صحت 07-09-2026

بلوچستان اسکالرشپ محکمہ صحت 07-09-2026

*اسٹیلا کالج آف میڈیکل اینڈ الائیڈ سائنسز کوئٹہ کے 20 طلباء و طالبات BEEF اسکالرشپ کے لیے منتخب*

*کوئٹہ، 4 ستمبر 2026:* بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ (BEEF) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر *خالد ماندائی* نے اسٹیلا کالج آف میڈیکل اینڈ الائیڈ سائنسز، کوئٹہ کے شعبہ ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی (DPT) کے *20 ہونہار طلباء و طالبات* کے BEEF اسکالرشپ کے لیے منتخب ہونے پر انہیں اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کی ہے۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر BEEF *خالد ماندائی* نے کہا کہ باصلاحیت اور مستحق طلباء و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنا اور ان کی تعلیمی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی BEEF کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکالرشپ پروگرامز کے ذریعے صوبے کے ہونہار طلباء و طالبات کو اپنے تعلیمی سفر کو کامیابی سے جاری رکھنے کے لیے معاونت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ مستقبل میں ملک و قوم اور بالخصوص بلوچستان کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔

میرٹ کی بنیاد پر BEEF اسکالرشپ کے لیے منتخب ہونے والے ان *20 طلباء و طالبات* کا تعلق *ضلع کوئٹہ، ضلع کچھی، ضلع قلعہ عبداللہ، ضلع پشین اور ضلع ژوب* سے ہے۔ یہ طلباء و طالبات مختلف تعلیمی سیشنز *2021-25/26، 2022-26/27، 2023-27/28 اور 2024-28/29* سے تعلق رکھتے ہیں، جن میں بالترتیب *پانچویں، چوتھے، تیسرے اور دوسرے سمسٹر* کے طلباء و طالبات شامل ہیں۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر BEEF نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان *میر سرفراز احمد بگٹی* کے تعلیم دوست وژن کے تحت صوبے میں تعلیم کے فروغ، نوجوانوں کے لیے اعلیٰ تعلیمی مواقع کی فراہمی اور میرٹ کی حوصلہ افزائی کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ بھی اسی وژن کے تحت مختلف اسکالرشپ پروگرامز کے ذریعے صوبے کے طلباء و طالبات کو معیاری اور اعلیٰ تعلیم کے حصول میں معاونت فراہم کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ طلباء و طالبات کسی بھی معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں اور ان کی تعلیم و تربیت میں سرمایہ کاری دراصل صوبے کے روشن مستقبل کی بنیاد ہے۔ BEEF کا مقصد یہ ہے کہ مالی مشکلات کے باعث کوئی بھی باصلاحیت طالب علم اعلیٰ تعلیم کے حصول سے محروم نہ رہے اور میرٹ پر پورا اترنے والے طلباء و طالبات کو اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانے کے لیے مناسب مواقع میسر آئیں۔

تمام منتخب طلباء و طالبات کو اپنی تعلیمی محنت، عزم اور صلاحیتوں کو مزید نکھارنے اور بھرپور انداز میں بروئے کار لانے کی تلقین کی گئی ہے تاکہ وہ مستقبل میں اپنے والدین، تعلیمی ادارے اور صوبے کے لیے باعثِ فخر بنیں اور بلوچستان کی ترقی و خوشحالی میں مؤثر کردار ادا کریں۔

بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ (BEEF) کی جانب سے تمام منتخب طلباء و طالبات اور ان کے والدین کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے روشن تعلیمی مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ہے۔

*بیف تعلیم کو بااختیار بنانا، بلوچستان کو تعمیر کرنا*

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More