Daily ruzn1.9
daily ruzn newspaper breaking news urdu news. Updates

اے این کاروائی 27-11-2026

اے این کاروائی 27-11-2026

 

*اے این ایف کی بین الاصوبائی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کے خلاف 3 بڑی کارروائیاں، 676.800 کلوگرام منشیات برآمد،سرغنہ سمیت 3 کارندے گرفتار*

ملک بھر میں منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف جاری کارروائیوں کے نتیجے میں اینٹی نارکوٹکس فورس نے پشاور میں 3 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران مجموعی طور پر 676.800 کلوگرام منشیات برآمد کرکے بین الصوبائی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کے سرغنہ سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ برآمد شدہ منشیات میں 660 کلوگرام چرس اور 16.800 کلوگرام افیون شامل ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق گرفتار ملزمان منشیات پشاور سے کراچی اسمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

تفصیلات کے مطابق اے این ایف نے پہلی کارروائی میں رنگ روڈ نزد موٹروے چوک پشاور کے قریب ایک آئل ٹینکر کو روک کر تلاشی کے دوران گاڑی کے خفیہ خانوں میں مہارت سے چھپائی گئی 270 کلوگرام چرس برآمدکر لی۔ کارروائی کے دوران ٹرک سوار ملزم کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔

دوران تفتیش گرفتار ملزم کی نشاندہی پر اے این ایف نے رنگ روڈ پشاور پر مطلوبہ کار کو روک کر دوران تلاشی گاڑی سے مجموعی طور پر 286.800کلوگرام منشیات برآمد کر کے گاڑی میں سوار افغانی عتیق اللّہ کو گرفتار کر لیا۔ تحقیقات سے انکشاف ہؤا کہ گرفتار ملزم عتیق اللّہ ہی اس منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کا سرغنہ ہے جو اے این ایف کو مختلف مقدمات میں مطلوب بھی ہے۔ مزید یہ بھی ثابت ہؤا کہ ملزم نے جعلسازی سے پاکستانی شناختی کارڈ بنوا رکھا ہے۔ ملزم کی گاڑی سے برآمد شدہ منشیات میں 270 کلوگرام چرس اور 16.800 کلوگرام افیون شامل ہے۔

گرفتار دونوں ملزمان سے مزید تفتیش کے دوران مزید انکشاف ہوا کے اُن ملزمان کا ایک اور ساتھی بھاری مقدار میں منشیات اسمگل کرنے کی کوشش کر رہا ہے جس پر اے این ایف نے فوری طور پر کارروائی عمل میں لاتے ہوئے یونیورسٹی روڈ پشاور پر ایک ایس یو وی گاڑی کو روک کر تلاشی کے دوران گاڑی کی ڈِگی سے 120 کلوگرام چرس برآمدکر لی۔کارروائی کے دوران کار سوار ملزم کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔

گرفتار ملزمان کے مابین باہمی روابط اس بات کا ثبوت ہے کہ اُن کا تعلق ایک منظم بین الصوبائی اسمگلنگ نیٹ ورک سے ہے جو خیبرپختونخواہ سے پنجاب اور سندھ منشیات اسمگل کرنے میں ملوث ہے۔ ملزمان سے جاری تحقیقات کے نتیجے میں حاصل ہونے والے شواہد کی بنیاد پر اے این ایف مزید تحقیقات کر رہی ہے تاکہ منشیات کی سمگلنگ، مالی معاونت کرنے والے سہولت کاروں اور اس نیٹ ورک سے وابستہ دیگر عناصر تک پہنچا جا سکے۔

اے این ایف ملک سے منشیات کے کاروبار اور اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں اورمؤثر نگرانی کے ذریعے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ ادارے کا مقصد نہ صرف منشیات کی بڑی اسمگلنگ کا قلعہ قمع کرنا ہے بلکہ اس مکروہ کاروبار میں ملوث عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لانا ہے۔

اے این ایف اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ نوجوان نسل کو منشیات کی تباہ کاریوں سے محفوظ رکھنے اور منشیات سے پاک پاکستان کے قومی ہدف کے حصول کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More