پاکستان اور تھائی لینڈ 26-11-2026
پاکستان اور تھائی لینڈ 26-11-2026
پاکستان اور تھائی لینڈ کی 75 سالہ دوستی باہمی احترام، اعتماد اور مشترکہ خوشحالی کی روشن مثال ہے، نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی
کتاب ’’جرنی تھرو ٹائم‘‘ کی تقریبِ رونمائی، ایم این اے نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی کی بطور مہمانِ خصوصی شرکت اور خطاب
اسلام آباد | 25 نومبر 2026ء
پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے روزنامہ اتحاد (Daily Ittehad) میڈیا گروپ کے زیرِ اہتمام کتاب ’’جرنی تھرو ٹائم‘‘ (Journey Through Time) کی تقریبِ رونمائی میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا۔
تقریب میں تھائی لینڈ کے سفیر برائے پاکستان جناب رونگ وُدھی ویرا بُتر، پارلیمان کے اراکین، سفارتی برادری کے نمائندگان، ماہرینِ تعلیم اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔
اپنے خطاب میں نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے کہا کہ پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان 75 سالہ دوستانہ تعلقات دونوں ممالک کے لیے خصوصی اہمیت کے حامل ہیں۔ یہ تعلقات باہمی احترام، اعتماد، خیرسگالی اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر قائم ہیں، جنہیں وقت کے ساتھ مزید مضبوط بنایا گیا ہے۔
انہوں نے تھائی لینڈ میں بطور طالب علم اور پیشہ ور فٹبالر گزارے گئے اپنے وقت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تھائی لینڈ میں حاصل ہونے والی تعلیم، نظم و ضبط اور عملی تجربات نے ان کی شخصیت کی تعمیر میں اہم کردار ادا کیا۔ تھائی لینڈ ان کے لیے صرف ایک دوست ملک نہیں بلکہ زندگی کے اہم تجربات اور یادوں سے وابستہ ایک سرزمین بھی ہے۔
نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے کہا کہ پاکستان اور تھائی لینڈ کے تعلقات اقتصادی تعاون، ثقافتی تبادلوں اور عوامی روابط کے فروغ پر مبنی ہیں۔ گندھارا تہذیب کا تاریخی ورثہ دونوں ممالک کے درمیان قدیم تہذیبی اور روحانی روابط کی نمایاں مثال ہے، جو مشترکہ تاریخ اور ثقافتی ہم آہنگی کو اجاگر کرتا ہے۔
پاکستان۔تھائی لینڈ پارلیمانی دوستی گروپ کے ڈپٹی کنوینر کی حیثیت سے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاحت، زراعت، صنعتی ترقی، تکنیکی تعلیم، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ ان شعبوں میں مشترکہ اقدامات سے نہ صرف دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے بلکہ دونوں ممالک کی اقتصادی ترقی اور عوامی خوشحالی کو بھی فروغ ملے گا۔
انہوں نے پارلیمانی روابط، جامعات کے درمیان شراکت داری اور ثقافتی و کھیلوں کے تبادلوں کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور تعاون کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔
نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے کہا کہ سفارتی تعلقات حکومتیں قائم کرتی ہیں، لیکن دیرپا دوستی عوام کے باہمی روابط، اعتماد اور مشترکہ تجربات سے پروان چڑھتی ہے۔ پاکستان اور تھائی لینڈ کے نوجوانوں کو تعلیم، روزگار، کھیل اور ثقافتی تبادلوں کے مزید مواقع فراہم کرنا دونوں ممالک کے روشن مستقبل کے لیے ضروری ہے۔
انہوں نے رائل تھائی ایمبیسی، اتحاد پبلیکیشنز اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان دوستی کا پل بننا ان کے لیے اعزاز کے ساتھ ساتھ ایک اہم ذمہ داری بھی ہے۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان 75 سالہ سفارتی تعلقات کا یہ تاریخی سنگِ میل دونوں ممالک کے درمیان تعاون، مشترکہ خوشحالی، باہمی افہام و تفہیم اور دوستی کے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا۔