ایمل ولی خان 03-11-2026
ایمل ولی خان 03-11-2026
ایمل ولی خان کے حوالے سے افواہوں، دھمکیوں اور سیاسی دباؤ سے ہمارا راستہ نہیں بدلا جا سکتا۔
عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان ولی داد میانی نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی غیر مصدقہ اطلاعات اور دھمکی آمیز افواہیں کسی صورت ہمیں اپنے سیاسی نظریے، قومی جدوجہد اور جمہوری مؤقف سے دستبردار نہیں کر سکتیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ پاکستان کی مظلوم اقوام، پشتونخوا کے عوام کے قومی حقوق، آئین کی بالادستی، پارلیمنٹ کی خودمختاری، حقیقی جمہوریت اور بنیادی انسانی آزادیوں کے لیے آواز بلند کی ہے۔ ہمارا سیاسی مؤقف کسی خوف، دباؤ یا دھمکی کا محتاج نہیں۔ ہماری تاریخ گواہ ہے کہ جس قوم کے سیاسی کارکن خودکش حملوں اور بارود کے سامنے اپنے نظریے کے ساتھ کھڑے رہے ہوں، انہیں قید و بند اور دھمکیوں سے خاموش نہیں کیا جا سکتا۔
ولی داد میانی نے کہا کہ اقتدار اور اختیار کسی کو یہ اجازت نہیں دیتے کہ وہ شہریوں کے آئینی حقوق، انسانی وقار اور عزتِ نفس کو پامال کرے۔ سیاسی اختلاف کو انتقام میں بدلنا اور گھروں کی حرمت، چادر و چار دیواری کو نشانہ بنانا ناقابلِ قبول ہے۔ ایسے کسی بھی اقدام کے خلاف ہماری آواز پہلے بھی بلند تھی اور آئندہ بھی بلند رہے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایمل ولی خان محض ایک سیاسی شخصیت کا نام نہیں بلکہ ایک فکری تسلسل، سیاسی جدوجہد اور باچاخانی نظریے کی علامت ہیں۔ کسی ایک شخصیت کو دبانے سے نظریات ختم نہیں ہوتے اور نہ ہی قوموں کی سیاسی آواز کو پابندیوں میں قید کیا جا سکتا ہے۔
ہم واضح کرتے ہیں کہ ہماری سیاست عدم تشدد، جمہوریت، قومی برابری اور انسانی وقار کے اصولوں پر قائم ہے۔ ہم نہ اپنے نظریے سے دستبردار ہوں گے، نہ اپنے آئینی حقوق کی جدوجہد ترک کریں گے اور نہ ہی کسی دباؤ کے سامنے اپنی سیاسی آواز خاموش کریں گے۔