Daily ruzn1.9
daily ruzn newspaper breaking news urdu news. Updates

جامعہ تربت 31-10-2026

جامعہ تربت 31-10-2026

جامعہ تربت کے سوشل سائنسز کے پروگرامز کے نصاب میں اے آئی کورس شامل کرنے، نصاب کو مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے کی منظوری، سی ایس ایس کارنر کے قیام کا فیصلہ

تربت (31 اکتوبر 2026) جامعہ تربت کی فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے بورڈ آف فیکلٹی کا چوتھا اجلاس فیکلٹی کے ڈین ڈاکٹر محمد طاہر حکیم کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں طلبہ کو عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق تیار کرنے کے لیے پیش کی گئی متعدد اہم تجاویز کا جائزہ لیا گیا اور ان کی منظوری دی گئی، جن میں نصاب میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کا کورس شامل کرنا، ڈیپارٹمنٹل لائبریری میں سی ایس ایس کارنر قائم کرنا، اور آئی سی ٹی اور اے آئی کورسز کے طلبہ کے لیے مخصوص کمپیوٹر لیب کا قیام شامل تھے۔ اس موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد طاہر حکیم نے کہا کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن کی قیادت اور فیکلٹی ممبران کے تعاون سے جامعہ تربت کے تعلیمی پروگراموں کو ہائر ایجوکیشن کمیشن کی گائیڈلائنز اور مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ جامعہ تربت کے ترجمان کے مطابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے اپنے پیغام میں کہا کہ بورڈ آف فیکلٹی سمیت دیگر آئینی اداروں کے اجلاسوں کا بروقت انعقاد انتہائی خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ تربت ابھرتے ہوئے تعلیمی شعبوں اور جدید پروگرامز پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ طلبہ کے پیشہ ورانہ و ڈیجیٹل مہارتوں اور قائدانہ صلاحیتوں میں اضافہ کیا جا سکے۔
اجلاس میں شعبہ سوشیالوجی کے چیئرمین ڈاکٹر نادل شاہ، شعبہ کیمسٹری کے چیئرمین ڈاکٹر ظفر علی، شعبہ تعلیم کی چیئرپرسن محترمہ رقیہ میروانی، شعبہ سیاسیات کے چیئرمین چنگیز احمد اور ڈائریکٹر اورق ڈاکٹر محمد یاسین کے علاوہ فیکلٹی ممبران ڈاکٹر شریف میر، ڈاکٹر منظور احمد، ڈاکٹر محمد سالم اور شاہ حسین نے شرکت کی، جبکہ ڈاکٹر مہناز اسلم نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More