ڈپٹی کمشنر نصیر آباد 15-10-2026
ڈپٹی کمشنر نصیر آباد 15-10-2026
انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ نصیرآباد
15 اکتوبر 2026ء
نصیرآباد۔ ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل کا ڈسٹرکٹ جیل نصیرآباد کا دورہ قیدیوں کو فراہم کی جانے والی بنیادی سہولیات طبی انتظامات اور درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا سولر سسٹم کی تنصیب اور طبی سہولیات کی بہتری کے لیے اقدامات کی یقین دہانی کرائی تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل نے آج ڈسٹرکٹ جیل نصیرآباد کا تفصیلی دورہ کیا جہاں ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ جیل محمد علی نے ان کا استقبال کیا اور جیل کے مختلف حصوں کا معائنہ کرایا اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے جیل میں قیدیوں کو فراہم کی جانے والی بنیادی سہولیات، انتظامی امور صحت و صفائی کے انتظامات اور طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے مرد و خواتین قیدیوں کے وارڈز جیل کی ڈسپنسری اور دیگر متعلقہ حصوں کا معائنہ کیا انہوں نے قیدیوں سے ملاقات کرکے ان سے دستیاب سہولیات اور درپیش مسائل کے بارے میں دریافت کیا اور ان کی شکایات و ضروریات معلوم کیں ڈپٹی کمشنر نے قیدیوں کے لیے تیار کیے جانے والے کھانے کا بھی معائنہ کیا تاکہ خوراک کے معیار اور انتظامات کا جائزہ لیا جا سکے
اس موقع پر ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ جیل محمد علی نے ڈپٹی کمشنر کو جیل میں دستیاب سہولیات انتظامی امور درپیش مشکلات اور ضروریات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی انہوں نے بتایا کہ موسم گرما کے دوران بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے باعث قیدیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس سے جیل کے روزمرہ معمولات اور رہائشی ماحول بھی متاثر ہوتا ہے ان مشکلات پر قابو پانے اور بجلی کی بندش کے دوران ضروری امور کی بلاتعطل انجام دہی کو ممکن بنانے کے لیے جیل میں سولر سسٹم کی تنصیب انتہائی ضروری ہے
ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ جیل نے مزید بتایا کہ جیل میں ڈسپنسری موجود ہے تاہم قیدیوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے او پی ڈی روم کی تعمیر اور ضروری طبی ٹیسٹوں کی سہولت فراہم کرنے کے لیے لیبارٹری کا قیام بھی ناگزیر ہے ان سہولیات کی دستیابی سے قیدیوں کے طبی معائنے بیماریوں کی بروقت تشخیص اور علاج معالجے میں بہتری لائی جا سکے گی اس کے علاوہ جیل کو درپیش دیگر انتظامی اور بنیادی نوعیت کے مسائل سے بھی ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا گیا
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر وریندر لعل نے کہا کہ قیدیوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی صحت و صفائی کے مناسب انتظامات اور جیل کے ماحول کو بہتر بنانا ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے انہوں نے کہا کہ قیدی بھی بنیادی انسانی ضروریات اور مناسب طبی سہولیات کے حق دار ہیں اس لیے ان کی مشکلات کا ازالہ اور جیل میں دستیاب سہولیات کو بہتر بنانا ضروری ہے
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے پیدا ہونے والی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے پہلے مرحلے میں بلوچستان اسپیشل ڈیولپمنٹ انیشیٹو BSDI کے تحت ڈسٹرکٹ جیل میں سولر سسٹم کی تنصیب کے لیے کوششیں کی جائیں گی تاکہ بجلی کی فراہمی میں بہتری لائی جا سکے اور جیل کے روزمرہ انتظامی امور کو زیادہ مؤثر انداز میں جاری رکھا جا سکے
انہوں نے مزید یقین دہانی کرائی کہ جیل میں طبی سہولیات کی بہتری او پی ڈی روم کی تعمیر لیبارٹری کے قیام اور دیگر ضروریات کا بھی جائزہ لیا جائے گا ان مسائل کے حل کے لیے دستیاب وسائل اور متعلقہ محکموں کے تعاون سے ضروری اقدامات اٹھانے اور متعلقہ حکام سے رابطہ کرنے کی کوشش کی جائے گی
ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ جیل محمد علی کو ہدایت کی کہ جیل کو درپیش تمام مسائل بنیادی ضروریات اور مجوزہ ترقیاتی اقدامات پر مشتمل ایک جامع تحریری رپورٹ ڈپٹی کمشنر آفس میں جمع کرائی جائے تاکہ ان مسائل کو متعلقہ اعلیٰ حکام کے سامنے پیش کرکے ان کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں
ڈپٹی کمشنر وریندر لعل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ دستیاب وسائل اور متعلقہ محکموں کے تعاون سے ڈسٹرکٹ جیل نصیرآباد میں بنیادی سہولیات کی بہتری، طبی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے اور قیدیوں کو درپیش مشکلات کے ازالے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی