صوبائی مشیر ملاقات 22-09-2026
صوبائی مشیر ملاقات 22-09-2026

صوبائی مشیر سردار غلام رسول عمرانی کی سربراہی میں ڈیرہ اللہ یار میں عظیم الشان بلوچی میڑ: جمالی اور عمرانی ( نوتکانی ) برادری میں جاری دیرینہ تنازع کے خاتمے کی راہ ہموار ۔
22 ستمبر 2026
نصیر آباد رپورٹ ( نبی بخش عمرانی بلوچ )
نصیر آباد اور اوستہ محمد کی دو معروف برادریوں کے درمیان جاری دیرینہ دشمنی و تنازعات کو ختم کرنے اور علاقے میں امن و اخوت کے قیام کے لیے ایک عظیم الشان بلوچی میڑ (جرگہ/وفد) کا انعقاد کیا گیا۔
یہ باوقار میڑ صوبائی مشیر برائے لیبر اینڈ مین پاور سردار بابا غلام رسول خان عمرانی کی سرپرستی اور سربراہی میں ڈیرہ اللہ یار میں ایس ایچ او غازی عبد الرؤف جمالی کی رہائش گاہ پہنچی۔ اس پروقار قافلے میں سینکڑوں گاڑیوں کا کاروان اور علاقے کی ممتاز سیاسی، سماجی و قبائلی شخصیات شامل تھیں۔
اس عظیم الشان قبائلی پیش رفت میں سردار ہارون خان جمالی، میر فائق علی خان جمالی، ایس ایس پی نصیر آباد اسد اللہ ناصر، سردار زادہ سخی ممتاز خان عمرانی، میر بلال احمد عمرانی، میر نظام الدین لہڑی، حاجی غلام مصطفیٰ رند، سید اسلم شاہ، سید ذوالفقار علی شاہ، لالا دوست محمد ساتکزئی، وڈیرہ احمد نواز جتک ، سرکردہ جان محمد عمرانی، سرکردہ محمد صدیق عمرانی، سرکردہ محمد صدیق مندوانی، سرکردہ بابو رسول بخش عمرانی، حاجی عباس عمرانی، میر ظہیر احمد عمرانی، سرکردہ دین محمد نوتکانی، وڈیرہ فتح علی خان نوتکانی اور محمد پنھل نوتکانی سمیت نصیر آباد کی مختلف اقوام کے معززین اور سید برادری سمیت علاقے کے معتبرین کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اوستہ محمد کے رہائشی سرکردہ مرحوم گلاب خان عمرانی (نوتکانی) کے ورثاء وڈیرہ اکبر خان عمرانی، مشتاق احمد عمرانی اور دیگر عمرانی برادری کی جانب سے ڈیرہ اللہ یار کے رہائشی ایس ایچ او غازی عبد الرؤف جمالی کے ساتھ جاری پرانی دشمنی کے پرامن حل کے لیے اعلیٰ سطحی بلوچی میڑ ڈیرہ اللہ یار بھیجی گئی۔
مثبت ردِعمل اور یقینی دہانی:
روایتی بلوچی قدروں اور بھائی چارے کی پاسداری کرتے ہوئے ایس ایچ او عبدالرؤف جمالی نے اپنی برادری کے معززین کے ہمراہ آنے والے معزز وفد اور ‘بلوچی میڑ’ کا شاندار استقبال کیا اور ان کو بھرپور عزت و احترام بخشا۔ انہوں نے دلی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کروائی کہ دونوں فریقین کے درمیان جاری تنازع کا جلد از جلد منصفانہ اور پرامن فیصلہ کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں، نصیر آباد کے عوام اور تمام طبقات نے صوبائی مشیر سردار بابا غلام رسول خان عمرانی اور دیگر تمام قبائلی رہنماؤں کی اس امن پسندانہ کاوش کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس اقدام سے علاقے میں دائمی امن، اخوت اور بھائی چارے کی فضا قائم ہوگی۔