ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی 14-09-2026
ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی 14-09-2026

**ایلمنٹری کالج تربت کی نئی عمارت میں منتقلی کے امور کا جائزہ، ڈپٹی کمشنر کیچ کی زیرِ صدارت اجلاس**
**تربت:** ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی کی زیرِ صدارت ایلمنٹری کالج تربت کی نئی عمارت میں منتقلی، تعمیراتی کاموں کی تکمیل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کالج کی نئی عمارت میں منتقلی کے عمل کو جلد مکمل کرنے، درپیش مسائل کے حل اور ضروری سہولیات کی فراہمی سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کیچ امجد شہزاد، ڈی ای او اصغر علی، ایلمنٹری کالج کی ٹیچر میڈم سمیہ، ٹھیکیدار زبیر احمد، انجینئر گہرام گچکی سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر انجینئر گہرام گچکی نے ایلمنٹری کالج تربت کی نئی عمارت میں جاری تعمیر و مرمت کے کام، باقی ماندہ تعمیراتی امور اور چار دیواری، پانی، بجلی سمیت دیگر بنیادی سہولیات کے حوالے سے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں کالج کی عمارت کو مکمل طور پر فعال بنانے اور نئی عمارت میں منتقلی کے لیے درکار اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کالج کی نئی عمارت میں منتقلی سے متعلق تمام زیرِ التوا امور اور تعمیراتی کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ تعلیمی سرگرمیوں کا بروقت آغاز اور تسلسل برقرار رکھا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبے کی بہتری اور طلبہ و طالبات کو بہتر تعلیمی ماحول کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ کالج کی چار دیواری، پانی، بجلی اور دیگر ضروری سہولیات سے متعلق مسائل کے حل کے لیے متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور مربوط حکمتِ عملی کے تحت اقدامات کریں اور کام مقررہ معیار کے مطابق جلد مکمل کریں۔
- ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور تعلیمی ماحول کو بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عوامی مفاد اور تعلیمی اہمیت کے حامل منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی قسم کی غیر ضروری تاخیر یا غفلت سے گریز کیا جائے۔