Daily ruzn1.9
daily ruzn newspaper breaking news urdu news. Updates

تربت 04-09-26

تربت 04-09-26

جامعہ تربت کا طلبہ کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کا اہم قدم، شعبہ کمپیوٹر سائنس طلبہ کا اسلام آباد کے جدید ٹیک حبز کا مطالعاتی دورہ

تربت(4 ستمبر 2026) جامعہ تربت اپنے طلبہ کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور جدید ٹیکنالوجی و صنعتی مارکیٹ کے لیے تیار کرنے کے لیے اہم اقدامات اٹھا رہی ہے۔ اسی سلسلے میں شعبہ کمپیوٹر سائنس کے طلبہ نے فیکلٹی ممبر محمد عاصم کی سربراہی میں اسلام آباد کا نو روزہ کامیاب صنعتی وٹیکنالوجی دورہ کیا جو طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی اور عملی صنعتی ماحول سے روشناس کرانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔دورے کا بنیادی مقصد اکیڈمک لرننگ کو صنعتی سافٹ ویئر انجینئرنگ کے جدید طور طریقوں سے ہم آہنگ کرانا تھا۔ اس دوران طلبہ کو اسلام آباد کے معروف ٹیک پارکس، اسٹارٹ اپ انکیوبیٹرز اور سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ حبز کا وزٹ کرایا گیا، تاکہ وہ ملک کی تیزی سے ترقی کرتی ٹیکنالوجی صنعت کے حقیقی ماحول کا براہ راست مشاہدہ کر سکیں۔ اس موقع پر طلبہ نے اہم ٹیکنالوجی اداروں میں کام کرنے والے ماہرین، پلیٹ فارم انجینئرز اور فیسیلیٹی مینیجرز کے ساتھ بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس کے جدید انفراسٹرکچر، ہوسٹنگ صلاحیتوں ، مجموعی ایکو سسٹم اورنیشنل انکیوبیشن سنٹر کا قریب سے مشاہدہ کیا۔ترجمان تربت یونیورسٹی کے مطابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے اپنے پیغام میں پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے محمد اکبر اورخٹک سنز (پرائیویٹ) لمیٹڈ، سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک، نیشنل انکیوبیشن سینٹر اور فضل سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کی انتظامیہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا، جنہوں نے دورے کے دوران طلبہ کو ہر ممکن سہولت فراہم کی۔وائس چانسلر نے اس موقع پر کہا کہ تیزی سے بدلتے ہوئے تکنیکی دور میں جامعہ تربت اپنے طلبہ کو جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے اور انہیں مقابلہ کرنے کے قابل بنانے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے تعلیمی اقدامات کا مقصد جامعہ تربت کے طلبہ کے لیے روشن مستقبل کی راہ ہموار کرنا ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More