Daily ruzn1.9
daily ruzn newspaper breaking news urdu news. Updates

تربت تعلیمات اقدامات 26-08-2026

تربت تعلیمات اقدامات 26-08-2026

تربت: 25 اگست 2026: حکومتِ بلوچستان اور بی آر ایس پی کے تعاون سے کونسل فار کمیونٹی ڈویلپمنٹ کیچ کے زیرِ اہتمام رائز بلوچستان منصوبے کے حوالے سے ایک تعارفی ورکشاپ کا انعقاد گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول دشت کنچتی میں کیا گیا،

جس کا مقصد مقامی اداروں کو بااختیار بنانے کے ساتھ ساتھ سماجی ہم آہنگی، امن، ترقی اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا تھا۔

ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈی او محکمہ تعلیم تحصیل دشت شیرجان دشتی، یونین کونسل دشت کوہک کے چیئرمین مہراب دشتی، بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام کے پروگرام کوآرڈینیٹر و تربت انچارج نور احمد، وائس چیئرمین سنگئی اسحاق دشتی، ٹیچر نبیلہ اکبر اور سی سی ڈی ایم کے فوکل پرسن برکت بلوچ نے کہا کہ پروگرام کا بنیادی مقصد علاقے کے نوجوانوں کو مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا اور انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔

مقررین نے کہا کہ پروگرام کے تحت اسکولوں میں فیسٹیول، نمائشیں، تقریری مقابلے، مختلف تعلیمی و تخلیقی مقابلے اور کھیلوں کے ٹورنامنٹس منعقد کیے جائیں گے، تاکہ نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع میسر آئیں اور وہ اپنی صلاحیتوں کو عملی طور پر سامنے لاسکیں۔

انہوں نے کہا کہ علاقے کے بہت سے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، تاہم مناسب مواقع اور پلیٹ فارم نہ ہونے کی وجہ سے ان کی صلاحیتیں اجاگر نہیں ہو پاتیں۔ اس پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کی پوشیدہ صلاحیتوں کو دریافت کرنے، انہیں نکھارنے اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں شامل کرنے سے نہ صرف ان میں خود اعتمادی پیدا ہوگی بلکہ وہ تعلیم، کھیل اور دیگر تعمیری شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ بھی کر سکیں گے۔ انہوں نے حکومتِ بلوچستان کی جانب سے دیہی اور دور دراز علاقوں کے نوجوانوں کو بھی پروگرام میں شامل کرنے کے اقدام کو سراہا اور اسے نوجوان نسل کے بہتر مستقبل کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا۔

ورکشاپ میں مختلف تعلیمی اداروں کے سربراہان، محکمہ تعلیم کے افسران، مقامی نمائندگان اور متعلقہ اداروں کے ذمہ داران اور دشت کے مختلف علاقوں سے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء میں اے ڈی ای او دشت کہدہ نبی بخش، ہیڈماسٹر نبی بخش ہائر سیکنڈری اسکول دشت کنچتی، بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام کے پروگرام کوآرڈینیٹر و تربت انچارج نور احمد، ہیڈماسٹر سید جان بوائز ہائی اسکول کنچتی، گرلز سیکنڈری اسکول دشت کی کھڈان امبر باقی، مڈل اسکول کوہک کے پرنسپل دودا خان، گرلز مڈل اسکول تولاگی دشت کی انچارج، فوکل پرسن برکت بلوچ، وائس چیئرمین سنگائی اسحاق دشتی، کونسل فار کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے سینئر ممبر عبدالحکیم، تحصیلدار باہوٹ دشتی اور ڈپٹی ڈی او دشت شیرجان دشتی سمیت دیگر افراد خواتین اور مرد شامل تھی۔

شرکاء نے پروگرام کو نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے، انہیں مثبت سرگرمیوں سے جوڑنے اور دیہی علاقوں میں ترقی و سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ایک اہم اقدام قرار دیا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More